حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو/ گذشتہ سال کی طرح امسال بھی بارگاہ ام البنین سلام اللہ علیہا منصور نگر میں منعقد عشرہ مجالس کو مولانا سید علی ہاشم عابدی خطاب کر رہے ہیں۔
"امام حسین علیہ السلام کی شخصیت اور سیرت" کے عنوان سے منعقد عشرہ مجالس کی پانچویں مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید علی ہاشم عابدی نے بیان کیا کہ یزید پلید کے پاس حکومت، دولت، لشکر، افراد اور میڈیا سب کچھ تھا لیکن وہ اللہ سے دور تھا، وہ متکبر خدا کی کبریائی کا منکر تھا۔اسی کے برخلاف امام حسین علیہ السلام کا مختصر لشکر لیکن اللہ پر مکمل یقین و بھروسہ تھا لہذا آپ کامیاب ہوئے اور ابدی لعنت یزید کا مقدر بنی۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ واقعہ کربلا کوئی حادثاتی طور رونما نہیں ہوا، بلکہ اس کی بنیاد اس وقت پڑ گئی تھی جب الہی سلسلہ امامت و خلافت کا انکار ہوا تھا، لہذا اگرچہ منکرین امامت ظاہرا کربلا میں نہیں تھے، ظاہرا لشکر یزید میں نہیں تھے لیکن یزیدیت کو پروان چڑھانے میں انکا بنیادی کردار ایک ناقابل انکار حقیقت ہے۔